برآمدات کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر توجہ دینے کا مطالبہ
جزوی تیار خام مال منگوانے پر مطالبات تسلیم کیے جائیں،چیئرمین کارپٹ مینوفیکچررز
لاہور (آن لائن)کارپٹ مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی عالمی منڈیوں کی تلاش کرے ،بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں میں فرائض سر انجام دینے والے کمرشل اتاشیوں کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا جائے،حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر توجہ دے اوراس کیلئے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کا جوائنٹ ونچر کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارکارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین پرویز حنیف،ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کوبڑھانے کیلئے فہرست میں اضافہ ناگزیر ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان جو مصنوعات دہائیوں سے برآمدکررہا ہے انہیں سہولیات نہ دی جائیں،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طورخم کے راستے جزوی تیار خام مال منگوانے پر ہمارے مطالبات تسلیم کئے جائیں اوراس کے ساتھ فریٹ چارجز میں بھی سبسڈی دی جائے تاکہ کارپٹ انڈسٹری ایک بار پھر اپنا عروج حاصل کر سکے ۔