پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں،چینی قونصل جنرل

پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں،چینی قونصل جنرل

سی پیک پاک چین دوستی کا اہم جز ، بیشتر منصوبے مکمل ،گوادر ائرپورٹ جلدآپریشنل ہوگا ، چین میں مواقع سے صنعتکارفائدہ اٹھائیں ،لی بی جیان کا کاٹی اوراسٹاک مارکیٹ میں خطاب

کراچی(بزنس رپورٹر)چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ سی پیک پاک چین دوستی کا اہم جز ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور بزنس کمیونٹی کے مابین تعلقات اس سے کہی زیادہ گہرے ہیں،پاکستان کے کم آمدنی والے طبقے کے حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے ، لیکن کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔گزشتہ روز کاٹی کے دورے پر انہوںنے کہا کہ سی پیک کے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، گوادر کی خطہ میں اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ،خوشی ہے کہ سی پیک کے باعث پاکستان میں بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ائر پورٹ کا ترقیاتی کام90فیصد مکمل ہوچکا ہے ، امید ہے کہ 2023 تک گوادر ائر پورٹ آپریشن کا آغاز کر دے گا جب کہ گوادر میں اسپتال بھی آئندہ سال سے کام شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں، سرمایہ کاروں کیلئے چین میں تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،پاکستان کے صنعتکار دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھائیں۔علاوہ ازیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے گروتھ انٹر پرائز مارکیٹ (جی ای ایم) بورڈ پردوسری کمپنی یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ کی لسٹنگ کی تقریب سے خطاب میں چینی قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا کہ دنیا کی معیشت میں ای کامرس کا شیئر 50فیصد ہے اور بلیو ایکس کا اسٹاک ایکس چینج میں اشتراک ملکی معیشت اور مارکیٹ کو مضبوط کرے گا۔ قونصل جنرل کا مزیدکہنا تھا کہ ای کامرس سیکٹر میں بہت سے مواقع موجود ہیں، جہاں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے ، آن لائن بزنس، کریڈٹ کارڈ،لاجسٹک سپورٹ کے سیکٹر میں کام کیا جاسکتا ہے ۔اس موقع پر سی ای او پاکستان اسٹاک ایکس چینج فرخ خان اور سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کپتان وسیم اکرم بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں