مقامی آئل ریفائنریز کی پیداوار بند کرنے کی دھمکی
نجی بجلی گھر وں کامقامی کے بجائے در آمدی لائٹ سلفر فرنس آئل پر انحصار ریفائنریز میں آئل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی،وزارت توانائی کو خط
کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی آئل ریفائنریوں نے نجی بجلی گھروں کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ فرنس آئل کی خریداری نہ کیے جانے پر پیداواری عمل بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک ریفائنری اور دیگر ریفائنریوں نے وزارت توانائی کے ڈائریکٹر جنرل آئل کو لکھے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ ریفائنریوں میں لائٹ سلفر فرنس آئل کے ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی ہے اور ریفائنریوں کے پاس اس وقت 8تا 10دن کے استعمال کے قابل لائٹ سلفر فرنس آئل کا ذخیرہ موجود ہے تاہم دوسری جانب نجی بجلی گھر مقامی ریفائنریوں سے فرنس آئل کی خریداری کے بجائے در آمدی فرنس آئل پر انحصار کررہے ہیں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بھی مقامی فرنس آئل کی خریداری کے بجائے فرنس آئل کی در آمد پر زور دے رہی ہیں،ریفائنریوں نے ڈی جی آئل کو آگاہ کیا ہے کہ اس صورتحال کے پیش نظر ریفائنریو ں نے فوری طور پر اپنی پیداوار میں کمی کردی ہے تاہم اگر آئندہ چند روز تک مقامی فرنس آئل کی خریداری کے حوالے سے کسی قسم کا فیصلہ نہیں کیا گیا تو ریفائنریوں کے پاس پیداواری عمل بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا ۔