اسٹاک ایکسچینج میں 673پوائنٹس کی مندی،ڈالراورسونا مہنگا

 اسٹاک ایکسچینج میں 673پوائنٹس کی مندی،ڈالراورسونا مہنگا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو شدید مندی رہی جبکہ انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر مزید بڑھ گئی ،ادھر فی تولہ سونا 200 روپے مہنگا ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا تسلسل بدھ کوبھی برقرار رہا،سیاسی بے یقینی اور جاری کھاتوں کے مسلسل بڑھتے خسارے کے باعث سرمایہ کار مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 673پوائنٹس کی کمی سے 44833پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 اور آل شیئرز انڈیکس میں بھی مندی رہی جبکہ سرمایہ کاروں کے99ارب ڈوب گئے ۔

علاوہ ازیں فاریکس رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر4پیسے کے اضافے سے 176.22روپے پر جاپہنچا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر177.70روپے پر برقرار رہا۔دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے سے  مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 200 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 25 ہزار 200 اور دس گرام 171روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 7 ہزار 338 روپے کا ہوگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں