ایکسپورٹ فنانس اسکیم کا ری فنانس پراسیس ڈیجیٹائز

  ایکسپورٹ فنانس اسکیم کا ری فنانس پراسیس ڈیجیٹائز

کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے بینکوں اور برآمدکنندگان کی سہولت کیلئے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کا ری فنانس پراسیس ڈیجیٹائز کر دیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے کاروبار کرنے کی آسانی کے سلسلے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایکسپورٹ فنانس اسکیم (ای ایف ایس)کے تحت روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں شکلوں کیلئے بینکوں کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے ری فنانس کے حصول کے عمل کو ڈیجیٹائز کردیا ہے ۔ ری فنانس کے عمل کی ڈیجیٹائزیشن سے عملی کارکردگی بڑھانے کیلئے مؤثر طور پر ٹیکنالوجی کا استعمال ہوسکے گا، اب ای ایف ایس سے متعلق کیسز اور دیگر متعلقہ اعدادوشمار بینک برقی طریقے سے اسٹیٹ بینک کو ایک آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کرائیں گے ،ابتدا میں ای ایف ایس کیسز کا ڈیجیٹائزڈ عمل موجودہ دستی طریقہ کار کے ساتھ کچھ عرصہ چلے گا، اس کے بعد بینکوں کی جانب سے کاغذی کارروائی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی ۔

آن لائن پلیٹ فارم سے بینکوں کو حقیقی وقت میں اسٹیٹ بینک/ایس بی پی بی ایس سی کو جمع کرائے گئے ای ایف ایس سے متعلقہ کیسز کے بارے میں تازہ ترین صورت حال کا ٹریک رکھنے میں مدد ملے گی، بینک اپ ڈیٹڈ صورت حال کی سسٹم سے شائع کردہ رپورٹس نکال سکیں گے تاکہ انہیں صارفین کو دے سکیں۔ای ایف ایس کے وظائف کی ڈیجیٹائزیشن پر عمل درآمد سے اسٹیٹ بینک بعض آپریشنز بینکوں کے حوالے کر سکے گا ۔ڈیجیٹائزڈ طریقہ کار کے تحت کسی برآمدکنندہ کی رقم کی حد کو ایس بی پی بی ایس سی کے ایک دفتر سے ایس بی پی بی ایس سی کے کسی دوسرے دفتر کو بھجوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں