ڈیوٹی،ٹیکس میں اضافہ، چھوٹی گاڑیوں کی فروخت متاثر ہوں گی

ڈیوٹی،ٹیکس میں اضافہ، چھوٹی گاڑیوں کی فروخت متاثر ہوں گی

کراچی(بزنس رپورٹر)حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی) اور سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے چھوٹی گاڑیوں کی فروخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

پاپام کے سابق چیئرمین مشہود علی خان کے مطابق منی بجٹ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کا اثر 2022 کی دوسری اور تیسری سہ ماہی میں نظر آ سکتا ہے کیونکہ گاڑیوں کی بکنگ دو تین ماہ پہلے ہوتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2021 کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ رہا ، تاہم منی بجٹ کے باعث سال 2022 میں اس میں تھوڑی تبدیلی نظر آسکتی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس میں اضافے سے 1000 سی سی کی گاڑی کی فروخت میں کمی نظر آسکتی ہے کیونکہ بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں دو تین لاکھ روپے کا اضافہ ان گاڑیوں کے خریداروں کی مالی صحت پر اثر انداز نہیں ہوگا ۔

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ 850 سی سی سے کم کی گاڑی پر 2.50 فیصد ڈیوٹی کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا، تاہم 1000 سی سی پر ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی شرح کا قیمت پر اچھا خاصا اثر پڑے گا جو ان کی فروخت کو متاثر کر سکتا ہے ۔مشہود علی خان نے کہا اسی طرح شرح سود میں ہونے والا اضافہ بھی گاڑیوں کی فروخت پر اثر ڈالے گا جو آنے والے دنوں میں نظر آئے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں