پاکستان میں پپیتے کی پیداوار8972ٹن سے تجاوز کر گئی
فیصل آباد (اے پی پی)پاکستان میں پپیتے کا زیر کاشت رقبہ 1565ہیکٹرز اور پیداوار8972ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں اور سندھ کے اضلاع نواب شاہ، سانگھڑ، سکھر، ٹھٹھہ، بدین کو پپیتے کی کاشت کیلئے آئیڈیل قرار دیاگیا ہے ،ماہرین نے بتایاہے کہ پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں میں پپیتے کی کاشت کے رقبے میں اضافہ ہونے لگاہے ۔
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایاہے کہ پاکستان کے علاوہ سری لنکا، ہوائی، تھائی لینڈ اور بھارت میں بھی وسیع رقبے پر پپیتے کی کاشت ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پپیتا اپنی مخصوص غذائی افادیت و شاندار طبی خصوصیات کی وجہ سے ایک منفرد پھل کی حیثیت رکھتاہے جو نہ صرف پھل کے طورپر کھانے بلکہ کچے پھل کے سبزی کے طور پر پکانے ، جیم، جیلی، اچار،مربہ اور کینڈی بنانے کیلئے بھی اس کا استعمال کیاجاتاہے ۔
انہوں نے کہاکہ پپیتے میں پیکٹین اور پیپین بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں لہذا اس کارس دوسرے پھلوں کے رس کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے ہاضمہ درست، معدہ و جگر تندرست، پیشاب صاف، بلغم دور اور نیند نہ آنے کی شکایت بھی رفع ہو جاتی ہے۔