پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی بلا تعطل در آمدات سے مشروط
کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات اور خاص کر پٹرول کی دستیابی کو بلا تعطل در آمدات سے مشروط کرتے ہوئے فی الحال قلت کے کسی بھی خدشہ کو مسترد کیا ہے جب کہ دوسری جانب ڈیلرز نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پٹرول کی فراہمی میں کمی کی شکایت کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے فی الحال پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے کسی بھی قسم کے امکان کو مسترد کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ پٹرول کی دستیابی کو در آمدات سے مشروط کیا ہے ۔واضح رہے کہ ملکی ضروریات کا 70فیصد پٹرول در آمد کیا جاتا ہے ۔اس ضمن میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی در آمد کیلئے ایل سیز کی رکاوٹ نہ ہوئی اور پٹرول کی در آمد حسب معمول رہی تو پٹرول کی قلت کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ دوسری جانب آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہناہے کہ گوجرانوالہ اور ہزارہ سمیت ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پمپس مالکان کو پٹرول کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے ،اگر یہی سلسلہ برقرا ر رہا تو ملک کے بالائی علاقوں میں پٹرول کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے ۔