تجارتی شعبوں میں تعاون کے خواہشمند ہیں، انڈونیشین قونصل جنرل
کراچی(بزنس رپورٹر)انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہادیننگراٹ نے کہا ہے کہ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں حقیقی تعاون کے خواہشمند ہیں تاکہ موجودہ تجارتی حجم کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر انڈونیشین قونصل جنرل نے کہا کہ موجودہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کاروباری برادریوں کو باقاعدگی سے ایک دوسرے سے ملنا چاہیے ،پاکستان کے تجارتی وفد کو تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے انڈونیشیا کا دورہ کرنا چاہیے ، اس حوالے سے انڈونیشیا کا قونصل خانہ مکمل طور پر سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارت کا حجم گزشتہ سال 3 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے جو کہ 2021 کے مقابلے میں 28 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے ۔پاکستان کی درآمدات زیادہ تر پام آئل اور کوئلے تک محدود رہتی ہیں جبکہ انڈونیشیا بنیادی طور پر پاکستان سے ٹیکسٹائل، کھیلوں کے لباس اور زرعی مصنوعات درآمد کرتا ہے لہذا مزید مصنوعات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔