تمام جماعتیں اے پی سی میں کھلے دل سے شریک ہوں،انجمن تاجران
اسلام آباد(اے پی پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں کھلے دل کے ساتھ شرکت کر کے ملک کو درپیش معاشی اور سیکیورٹی مسائل کے حوالے سے مثبت تجاویز دینی چاہئیں۔
حکومت معیشت کے حوالے سے بھی تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کیلئے کانفرنس کا انعقاد کرے ۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے تمام سیاستدانوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے ۔ حکومت نے ملک میں دہشتگردی کی لہر اور معاشی حالات کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے اے پی سی منعقد کرانے کا اعلان کر کے مثبت اقدام اٹھایا ہے ،سیاسی جماعتوں کی قیادت اور سینئر رہنماؤں کو اے پی سی میں شریک ہو کر ملک کو درپیش مسائل کا حل پیش کرنا چاہیے اور اس پلیٹ فارم سے جو بھی متفقہ اعلامیہ سامنے آئے اس پر عملی پیشرفت بھی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دوسرے مرحلے میں معیشت سے جڑے تمام اسٹیک ہولڈرز کی بھی کانفرنس بلائے اور ان سے تجاویز طلب کی جائے تاکہ معیشت کو ترقی دی جا سکے ۔