پاکستان بزنس فورم کا معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

  پاکستان بزنس فورم کا معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

لاہور(صباح نیوز)پاکستان بزنس فورم نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں معیشت کے ایجنڈا کو بھی شامل کیا جائے ۔

پاکستان بزنس فورم کے نائب صدراحمد جوادنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت نے 10ماہ میں روپے کی قدر میں 89 روپے کی غیر معمولی کمی کی ، ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی معیشت کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے ، عوام اور انڈسٹری تیار رہے ، عام انتخابات کے بعد ہم پھر آئی ایم ایف کے در پر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت فری فال کی طرف گامزن ہے ، دیگر ممالک کے سامنے ہم مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ بزنس کمیونٹی سڑکوں پر ہے ، غیر ملکی سرمایہ کار آنے کو تیار نہیں۔ا نہوں نے تجویز دی کہ سرکاری اداروں میں کفایت شعاری کے سخت اقدامات کئے جائیں۔احمد جواد نے مزید کہا ملک کو آئی ایم ایف کا متبادل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے ، بدقسمتی سے معاشی ترقی کیلئے پاکستان کا فارمولہ ناقص ہے ،پہلے قرضے لیں، کچھ بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر بنائیں، اس عمل میں معمولی ترقی کی رفتار حاصل کریں اور اس وقت تک انتظار کریں جب تک کہ ترقی کی یہ تیزی ختم نہ ہو جائے تاکہ ہم دوبارہ اس عمل کو دہرا سکیں۔ان حالات میں مہنگائی کا بوجھ حکومت بھی برداشت کرے کیونکہ 2023سال معیشت کیلئے ساز گار نہیں ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں