ٹڈاپ اور جاپانی تنظیم کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 ٹڈاپ اور جاپانی تنظیم کے مابین  تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی (کامرس ڈیسک)ٹڈاپ کے انٹرنیشنل مارکیٹنگ ڈویژن اور جاپان کی ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے مابین تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوگیا ، یہ فیصلہ ٹڈاپ کے سیکریٹری فرید اقبال قریشی اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایم ڈی ڈی اطہر حسین کھوکھر کے ساتھ جاپان کی تنظیم برائے بیرونی تجارت (JETRO) کے عہدیداروں کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

 جاپانی وفد میں تنظیم کے کنٹری ڈائریکٹر کازونوری یاماگوچی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعدیہ منظور شامل تھیں۔ اس موقع پر طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ملک میں ہونے والی تجارتی نمائشوں سمیت متعلقہ تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔ مختلف شعبوں سے متعلق تکنیکی معلومات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ دونوں ممالک کے تاجروں کی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا اور انہیں ایک دوسرے کی تجارتی مطبوعات بھی فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال جاپان میں جو متعلقہ تجارتی سرگرمیاں ہوں گی ان میں پاکستانی تاجر نمائندے شرکت کریں گے ، ان میں جاپان آئی ٹی ویک، فیشن ورلڈ اور فوڈیکس شامل ہوں گے ، اسی طرح پاکستان میں ہونے والی تجارتی تقریبات میں جاپانی تاجر شریک ہوں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں