جنوری:ایس ای سی پی میں2409 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ
کراچی (بزنس رپورٹر)سیکیو رٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے جنوری میں 2ہزار409کمپنیاں رجسٹرڈ کیں جس کے بعد رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد185173ہوگئی ۔ نئی رجسٹر ڈہونے والی کمپنیوں کا مجموعی طور پر کل ادا شدہ سرمایہ2 ارب 70 کروڑ روپے ہے ۔
جنوری میں رجسٹرڈکمپنیوں میں تقریباً 57 فیصد کمپنیاں پرائیوٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ 39 فیصد سنگل ممبر اور 3 فیصد پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش و تجارتی ایسوی ایشنز ، غیر ملکی کمپنیاں اور محدود ذمہ داری کی شراکت داری شامل ہیں ۔رواں سال کے پہلے ماہ تقریباً 99.5 فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ڈہوئیں جبکہ 101 غیر ملکی صارفین نے بیرون ملک سے بھی کمپنیاں رجسٹرڈ کروائیں۔سب سے زیادہ رجسٹریشن رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اور کنسٹرکشن سیکٹر میں ہوئی جہاں 407کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔