اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز،دوکروڑمنافع

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔کے ایس ای100انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی حد پر دوبارہ بحال ہوگیاْ۔
مارکیٹ میں معمولی تیز ی کے باعث سرمائے کے حجم میں محض دوکروڑ روپے اضافہ ہوا جب کہ حصص کی کاروباری مالیت1ارب سے بڑھ کر2ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 58پوائنٹس کے اضافے سے 39942 پوائنٹس سے بڑھ کر40000پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 48پوائنٹس کے اضافے سے 14786پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 26424پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر 61کھرب7ارب روپے ہوگیا۔ حصص کی کاروباری مالیت 2ارب50کروڑ روپے رہی۔مجموعی طور پر 298کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ،جس میں سے 122کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،148میں کمی اور 28 میں استحکام دیکھا گیا۔گزشتہ روز ورلڈ کال ٹیلی کام،میزان بینک،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ،فوجی سیمنٹ،یونٹی فوڈز،اینگرو فرٹیلائزر ،ایزا گارڈ نائن اور ڈی جی سیمنٹ کے سودے نمایاں رہے ۔