پاکستانی تاجر چائنہ جنوبی ایشیا نمائش میں شرکت کرینگے

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کا وفد چین میں ہونیوالی 8ویں چائنہ جنوبی ایشیا نمائش میں شرکت کرے گا،یہ نمائش چین کے شہر کن منگ میں 23 سے 28 جولائی تک جاری رہے گی ۔
پاکستان ایسوسی آف ایگزبیشن انڈسٹری کے جاری بیان کے مطابق چھ روزہ تقریب میں تقریبا80 ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں سے وابستہ افراد شرکت کر یں گے ۔ چائنا جنوبی ایشیا ایکسپو کی جانب سے پاکستان ایسوسی آف ایگزبیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس کو وفد کے ہمراہ نمائش میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔نمائش میں شرکت کیلئے چیئرمین خورشید برلاس 25 رکنی وفد کے ہمراہ23 سے 28 جولائی کو نمائش میں شرکت کرینگے ۔ خورشید برلاس نے بتایا کہ وفد میں سیاحت، تعلیم ، پرائیویٹ ڈیولپرزسمیت دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات موجود ہیں ۔ چین میں مختلف سیکٹرز سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتوں کا شیڈول طے کیا گیا ہے اور پاکستانی وفد کو لائیٹ انجینئرنگ،ٹیکسٹائل، فار ماسوٹیکلز،سولر سے وابستہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اداروں کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔