ایرانی وفد کا غیر سرکاری تجارت کو صفر پر لانے پر زور

 ایرانی وفد کا غیر سرکاری تجارت کو صفر پر لانے پر زور

کراچی (آن لائن)ایران کی تامین پٹرولیم اینڈ پٹرو کیمیکل انوسٹمنٹ کمپنی (تاپیکو)کے چیف ایگزیکٹو رضا بابک افغاہی نے۔

 ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ تجارت پر تبصرہ کرتے ہوئے سرکاری تجارت کو مکمل طور پر سہولت اور فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان جاری غیر سرکاری تجارت کو صفر تک لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کی بہت سی مصنوعات یہاں پہنچ رہی ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر غیر سرکاری چینلز کے ذریعے پاکستانی مارکیٹوں میں پہنچ رہی ہیں۔ایرانی وفد کے یہاں آنے کی بنیادی وجہ یہی ہے تاکہ ایسی تمام مصنوعات کو سرکاری چینل کے ذریعے لانے کے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔اگر دونوں ممالک اور ان کی تاجر برادری ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط روابط استوار کریں تو موجودہ سرکاری تجارتی حجم اور منافع کو سرکاری تجارت کے ذریعے مزید بہتر کیا جا سکتا ہے جو دونوں معیشتوں کیلئے سازگار ثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پرکیا ۔سی ای تاپیکو نے کہا کہ ایران اپنے خام مال، معلومات، مہارت اور انجینئروں کی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جس سے پاکستان میں روزگار اور کاروبار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے ۔قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے کہا کہ بہترین برادرانہ تعلقات کے باوجود دو طرفہ تجارتی حجم اپنی دستیاب صلاحیت سے کم ہے جسے 10 ارب ڈالر کی حقیقی صلاحیت تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں