ٹیکس فائلنگ بوجھ میں کمی،نئی فیملی کیٹیگری متعارف کرانیکا فیصلہ

 ٹیکس فائلنگ بوجھ میں کمی،نئی فیملی کیٹیگری متعارف کرانیکا فیصلہ

کراچی(بزنس ڈیسک)حکومت نے ٹیکس فائلنگ بوجھ کم کرنے کیلئے نئی فیملی کیٹیگری متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

حکومت ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت نہ رکھنے والے افراد جیسے گھریلو خواتین، 6 لاکھ روپے سے کم سالانہ آمدنی والے افراد اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کرانے کے لیے تیار ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نئی فیملی کیٹیگری ڈیپینڈنٹ افراد کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے مستثنی قرار دے گا، جب کہ حد سے کم کمانے والے یا بیرون ملک رہنے والے اشخاص بھی سم بلاک یا سفری پابندی جیسے جرمانے سے بچ جائیں گے ، ان اقدامات کا مقصد ان شہریوں کو غیر منصفانہ جرمانے سے روکنا ہے کیونکہ حکومت نان فائلر کے زمرے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔یہ اقدام زیرو ریٹرن فائلنگ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے جواب میں کیا گیا ہے جو کہ 25 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور یہ ٹیکس سال 2023 میں داخل کیے گئے تمام گوشواروں کا تقریبا 70 فیصد ہے ۔ مجوزہ نظام کے تحت انکم ٹیکس قانون میں خاندان کی نئی تعریف متعارف کرائی جائے گی، اس کے تحت بیوی، 25 سال سے کم عمر کے بیٹے اور غیر شادی شدہ بیٹی کو شوہر یا باپ کی فائلنگ اسٹیٹس سے فائدہ اٹھانے کی اجازت ہوگی۔یہ شق شوہر یا والد کی ٹیکس فائلر کی حیثیت کا استعمال کرتے ہوئے خاندان کے افراد کو مالی لین دین کرنے کے قابل بنائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں