پاک،ازبک براہ راست پروازیں رواں ماہ شروع ہونگی،سفیر
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست پروازیں رواں ماہ نومبر 2024 کے آخر میں شروع ہو جائیں گی۔
یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر کے صدر رانا صدیق خان سے اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارت خانے میں ملاقات کے دوران کہی،اس موقع پر فریقین نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ اور جی سی سی آئی کے تجارتی وفد کے ازبکستان کے آئندہ دورے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان میں ازبک سفیر نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت اور کاروبار میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور ازبکستان کے ساتھ وفود کے تبادلے کرے ۔انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر کے صدر کی جانب سے تجارتی وفد کو ازبکستان لے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور جی سی سی آئی کے تجارتی وفد کو دوطرفہ تجارت کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے ازبکستان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ازبکستان میں ٹیکسٹائل، کیمیکل، آئی ٹی، لکڑی کی پیداوار اور بہت سے ممکنہ شعبوں میں کام کر سکتی ہے ،ازبکستان جغرافیائی طور پر وسطی ایشیا کے مرکز میں واقع ہے اور وسطی ایشیا کی 80 ملین آبادی کو پاکستان سے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔