اسٹاک ایکسچینج:مندی، انڈیکس 1073 پوائنٹس کھو بیٹھا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس)میں منگل کے روز ریکارڈ توڑ خریداری کا سلسلہ اختتام پذیر ہوا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروباری سیشن اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ ابتدائی سیشن میں 100 انڈیکس 1700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بارایک لاکھ 11ہزار کی بلند سطح عبورکرتے ہوئے 111,759.58 پوائنٹس تک جا پہنچا ۔ بعدازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے گزشتہ سیشن میں مضبوط خریداری کے بعد منافع کا حصول شروع ہوگیا۔کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک100 انڈیکس1073 پوائنٹس یا 0.98 فیصد کی کمی سے 108,896 پر بند ہوا۔بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ سرمایہ کاروں نے ہیوی اسٹاکس سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب منافع حاصل کرنے کو ترجیح دی جس کی وجہ سے انڈیکس میں کمی واقع ہوئی۔حصص کی قیمت بڑھ کر 68.80 ارب روپے ہوگئی۔