یواے ای، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں54.6 فیصد جبکہ سعودی عرب سے ترسیلات زر کی وصولیوں میں 36.5 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سا ل کے 5ماہ میں سعودی عرب سے 3.63 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں جو کسی ایک ملک کی جانب سے بھیجی جانے والی سب سے زیادہ رقوم ہیں۔ اسی طرح یو اے ای سے ترسیلات زر کی وصولیاں 2.95 ارب ڈالر رہیں جب کہ برطانیہ سے 2.18 ارب ڈالر کی وصولیاں ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ترسیلات زر کی وصولیوں کے حوالے سے سعودی عرب پہلی جبکہ یو اے ای دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبرپر رہا۔ مزید براں اسی عرصے کے دوران یورپی یونین کے ممالک سے 1.77 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔