اسٹاک ایکسچینج : مندی، 49 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور نان فائلرز کیلئے جائیدادوں سمیت اسٹاک شیئرز میں سرمایہ کاری مشکل بنانے سے متعلق ممکنہ ٹیکس قوانین میں ترمیمی بل پیش کیے جانے کی اطلاعات کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو مندی کے بادل چھائے رہے۔
اس دوران سرمایہ کاروں 104 ارب روپے کا خسارہ ہوا جبکہ مندی کے سبب 59.11 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں آئل اینڈ گیس اور فارما سمیت دیگر انفرادی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے سبب کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 580 پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 16 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا، بعد ازاں ٹیکس قوانین میں ترمیم کی خبروں اور شارٹ ٹرم پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 802.56 پوائنٹس کی کمی سے 115042.25 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 اور آل شیئرز انڈیکس میں بھی مندی رہی۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 14 فیصد زائد رہا۔ منگل کو 76 کروڑ 72 لاکھ 70 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔