ڈالر کی پیش قدمی برقرار، تولہ سونا 300 روپے مہنگا

کراچی(بزنس رپورٹر)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی پیش قدمی برقرار رہی، ادھرسونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر16پیسے کے اضافے سے 278.81 روپے پر جاپہنچا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر7پیسے کے اضافے سے 281.24 روپے کا ہوگیا۔ماہرین کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف اٹھاتے ہی نئی امریکی پالیسیوں سے عالمی سطح پر دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر مضبوط ہونے سے ڈالر کی قدر بڑھ گئی ۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 3ڈالر کے اضافے سے 2711ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 300 روپے کے اضافے سے 283200 روپے پر جاپہنچا۔ اسی طرح دس گرام سونا 257روپے کے اضافے سے 242798 روپے کا ہوگیا۔