بجٹ متوازن، ترقی اور برآمدات پر مبنی ، افتخار علی ملک

لاہور(صباح نیوز)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وفاقی بجٹ 2026-2025 موجودہ صورتحال میں متوازن، ترقی اور برآمدات پر مبنی بجٹ قرار دیا ہے۔۔۔
جس میں ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے پر کشش مراعات دی گئی ہیں۔ منگل کو وفاقی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے شاندار اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جن قابل ذکر اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ان سے آنے والے دنوں میں قومی معیشت کو پھلنے پھولنے اور درست سمت متعین کرنے میں مدد ملے گی اور معاشرے کے غریب طبقات کو بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے بہتر ہوں گے اور بہتر ترسیلات زر کے ساتھ جی ڈی پی کی نمو میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ وزیر اعظم کے دانشمندانہ فیصلے سے کاروباری برادری پرسکون انداز میں کاروبار کر سکے گی۔