اسٹاک ایکسچینج،مندی برقرار،انڈیکس 735پوائنٹس گرگیا
پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان،100انڈیکس 164,530.80پوائنٹس پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں جمعرات کو کاروبار کے دوران غیر یقینی اور اتار چڑھاؤ کا سلسلہ دیکھا گیا کیونکہ سرمایہ کاروں نے آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان غیر حتمی مذاکرات کے تناظر میں منافع کے حصول کیلئے شیئرز کی فروخت کو ترجیح دی۔ دن کا آغاز مثبت انداز میں کیا ،ابتدائی گھنٹوں میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر بلند ترین سطح 166,729.97 پوائنٹس تک جا پہنچا۔ تاہم دورانِ سیشن حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہا اور آخری گھنٹوں میں منافع سمیٹنے کی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس 164,306.76 پوائنٹس گر گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 735.94 پوائنٹس کی کمی سے 164,530.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 181 پوائنٹس کی کمی سے 50635پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 436پوائنٹس کی کمی سے 100077پوائنٹس پر بند ہوا۔فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 17.27 ارب کے سودے طے پائے ۔مجموعی طور پر 481کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 184کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،264میں کمی اور33میں استحکام رہا۔