پاکستان بندرگاہوں کی جدید کاری میں سوڈان کی مدد کیلئے تیار
وفاقی وزیر بحری امور سے سوڈانی سفیر کی ملاقات، مختلف امور پر تبالہ خیال
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان نے سوڈان کی بندرگاہوں کی جدیدیت میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے اس کے بحری ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے اور خطے میں تجارتی روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے یہ پیشکش سوڈان کے سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق سے ملاقات کے دوران کی۔ملاقات میں بحری ترقی، بندرگاہوں کی جدید کاری، لاجسٹک نظام کی بہتری اور صنعتی منصوبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سوڈانی سفیر نے کہا کہ خرطوم پاکستان کی بندرگاہوں کے ساتھ براہِ راست شپنگ لائن قائم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و لاجسٹک روابط مزید مضبوط بن سکیں۔جنید انوار چوہدری نے سوڈان کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بندرگاہوں کی جدید کاری میں سوڈان کی مدد کے لیے تیار ہے ۔