اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز،80ارب منافع
1171پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس 1لاکھ 62ہزار 803پربند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا ، کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100انڈیکس کی ٹریڈنگ کا آغاز 1195 پوائنٹس بڑھ کر 1لاکھ 62 ہزار 827 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ،دوران ٹریڈنگ100 انڈیکس 2300 سے زائد پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 63ہزار کی حد بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا اور یومیہ 1 لاکھ 63 ہزار 935 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا، دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا جس کی بنیادی وجہ حکومت اور آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات، پاک افغان کشیدگی میں کمی اور بینکنگ کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج رہے۔
کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 1171 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 62 ہزار 803 پوائنٹس پر بندہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 120 پوائنٹس بڑھ کر 49497 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 597پوائنٹس کی تیزی سے 98852 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 80ارب روپے کا منافع ہوا ۔مجموعی طور پر486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 262 کمپنیوں کے شیئرزکی قیمتوں میں اضافہ ، 176 میں کمی اور 48 میں استحکام رہا۔