شپنگ کارپوریشن:بیڑا 60 جہازوں تک بڑھانے کا ہدف مقرر
فی الوقت 10جہاز موجود، آئندہ سال کے دوران تعداد 30تک ہوجائیگی منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر کام جاری ہے ، سید جرار کاظمی
کراچی (رپورٹ:محمدحمزہ گیلانی)پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار اپنے بیڑے کو 60 جہازوں تک وسعت دینے کا ہدف مقرر کرلیا، جس سے بحری تجارت کے شعبے میں انقلاب آنے کی توقع ہے ۔ فی الوقت بیڑے میں 10 جہاز شامل ہیں، تاہم آئندہ سال کے دوران یہ تعداد بڑھ کر 30 تک پہنچ جائے گی، جبکہ طویل المدتی منصوبے کے تحت جہازوں کی مجموعی تعداد60 تک لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس توسیعی منصوبے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر کام جاری ہے ، جس کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور دیگر نجی اداروں کے ساتھ سرمایہ کاری معاہدوں پر مشاورت بھی ہورہی ہے ۔ پی این ایس سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید جرار کاظمی نے دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران تین جدید ٹینکر بیڑے میں شامل کیے جائیں گے ، جن میں دو ایفرامیکس ماڈرن ٹینکرز اور ایک ایم آر ٹو ٹینکر شامل ہے ۔ ایفرامیکس ٹینکرز کی صلاحیت 1 لاکھ 10 ہزار ٹن جبکہ ایم آر ٹو ٹینکر کی صلاحیت 50 ہزار ٹن مال برداری کی ہے ۔ ان جہازوں کی شمولیت سے پی این ایس سی کی فریٹ کیپیسٹی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔