ٹیکسٹائل انڈسٹری کی صورتحال پر تشویش
کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے لیڈر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن اِن چیف ایس ایم تنویر نے ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
خطے میں سب سے زیادہ مارک اپ ریٹ اور ٹیکسوں کے ناقابلِ برداشت بوجھ نے برآمدی صنعت کو مفلوج کر دیا، ان کے مطابق موجودہ معاشی پالیسیوں کے تحت پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے تنزلی اور ممکنہ تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے ، ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان میں برآمدی شعبے پر ڈبل ایڈوانس ٹیکس نافذ ہے ، جس کے تحت ایکسپورٹرز کو ٹرن اوور پر 2 فیصد ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے ، جو مقامی کاروباروں کے مقابلے میں دگنا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی وزرا بھی اس پالیسی کو اینٹی ایکسپورٹ قرار دیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کوئی اصلاحی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی اور لسبیلہ کے صنعتی زونز میں بجلی کنکشنز کے اجرا میں بلاجواز تاخیر کی جا رہی ہے ، جس سے صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔