اسٹاک ایکسچینج:پورا ہفتہ مثبت زون میں ٹریڈ، نمایاں تیزی ریکارڈ
بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس میں 2248پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ بلند ترین 169,624، کم ترین سطح 161,613 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا، جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای100 انڈیکس پورے ہفتے مثبت زون میں ٹریڈ کرتا رہا اور مجموعی طور پر نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2248 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 167,844 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آیا، جہاں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 169,624 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 161,613 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی رجحان مثبت رہا جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہے ۔ دوسری جانب حجم کے اعتبار سے بھی مارکیٹ میں نمایاں سرگرمی دیکھی گئی، تقریباً 120 ارب روپے مالیت کے 2ارب 48 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے ، جو سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور مارکیٹ میں لیکویڈیٹی کی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے اسی دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا اور یہ 226 ارب روپے بڑھ کر 18 ہزار 616 ارب روپے تک جا پہنچی علاوہ ازیں سیکٹرز کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، آٹو موبائل، بینکنگ اور اسٹیل کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی خاص توجہ رہی، جہاں خرید و فروخت کا سلسلہ نمایاں رہا، اسٹاک ماہرین کے مطابق ان شعبوں میں سرگرمی کی بنیادی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری کی توقعات، ممکنہ پالیسی اقدامات اور کارپوریٹ نتائج کی امید شامل ہیں۔