موبائل فون کی مقامی اسمبلنگ، مینوفیکچرنگ میں نمایاں کمی

موبائل فون کی مقامی اسمبلنگ، مینوفیکچرنگ میں نمایاں کمی

پی ٹی اے کے اعداد وشمار جاری، پیداوار میں کمی سے شیئرز میں بھی گراوٹ مارچ کی نسبت اپریل میں 35فیصد کم پیداوار، شیئر 89سے 83فیصد پرآگیا

کراچی (کامرس رپورٹر)پی ٹی اے کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق موبائل فون کی مقامی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کی رفتار میں نمایاں سستی دیکھی گئی، جس سے نہ صرف پیداوار کم ہوئی بلکہ مارکیٹ شیئر میں بھی گراوٹ دیکھی گئی، رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 کے دوران ملک میں مجموعی 18 لاکھ 10 ہزار موبائل فون تیار یا اسمبل کیے گئے ، جو کہ مارچ 2026ء کے 27 لاکھ 90 ہزار یونٹس کے مقابلے میں تقریباً 35 فیصد کم ہیں، یہ واضح کمی اس بات کی عکاس ہے کہ مقامی موبائل فون انڈسٹری کو طلب اور سپلائی دونوں جانب سے دباؤ کا سامنا ہے ، اعداد وشمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اپریل کے مہینے میں مقامی سطح پر تیار موبائل فونز کا مارکیٹ شیئر 89 فیصد سے کم ہو کر 83 فیصد تک آ گیا، جو کہ درآمدی ڈیوائسز کے بڑھتے دباؤ اور صارفین کی ترجیحات میں تبدیلی کی نشاندہی ہے ۔ ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، درآمدی پرزہ جات کی لاگت میں اضافہ، اور مجموعی معاشی سست روی اس کمی کی بڑی وجوہات ہیں، مزید برآں رواں سال کے پہلے چار ماہ یعنی جنوری تا اپریل 2026ء کے دوران ملک میں مجموعی 91 لاکھ 70 ہزار موبائل فون یونٹس مقامی سطح پر تیار ہوئے ، تاہم ماہانہ بنیادوں پر گرتی پیداوار اس شعبے کیلئے تشویشناک ہے ، ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موبائل فون انڈسٹری کو ٹیکس مراعات، خام مال کی دستیابی میں آسانی اور پالیسی کے تسلسل کے ذریعے سہارا دیا جائے تاکہ یہ شعبہ دوبارہ مستحکم ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں