عدالتی نظام کی بہتری کیلئے جوڈیشل ریفارمز ضروری، چیئرمین آباد

عدالتی نظام کی بہتری کیلئے جوڈیشل ریفارمز ضروری، چیئرمین آباد

ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانی ہوگی، حسن بخشی نئی عدالتوں کاقیام ناگزیر، تعمیراتی شعبے کاتحفظ معیشت کیلئے بہتر، اجلاس سے خطاب

کراچی(کامرس رپورٹر)ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے چیئرمین محمدحسن بخشی نے کہا کہ عدالتی نظام کی بہتری کیلئے جوڈیشل ریفارمز ضروری ہیں اور اگر پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانی ہے تو انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ لوئر کورٹس میں کیسز کا بوجھ زیادہ ہے اس لیے نئی عدالتیں قائم کی جانی چاہئیں، ہاؤسنگ انڈسٹری کے ساتھ 72سے زائد صنعتیں وابستہ ہیں،اس لیے تعمیراتی شعبے کا تحفظ ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آباد ہاؤس میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین آباد نے بتایا کہ آباد کے ممبران پلاٹوں پر قبضے کیے جاتے ہیں اور اسکے خلاف عدالتوں سے رجوع کرتے ہیں تو ہمیں تاریخیں ملتی رہتی ہیں، جسکا فائدہ قبضہ گروپ اٹھا رہے ہیں، حسن بخشی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آباد ماضی میں بھی بار ایسوسی ایشن کو مدعو کرتا رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مسائل کے حل کے لیے دونوں اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ لوئرکورٹس کی حالت انتہائی ابتر ہے ، اگر کیسز زیادہ ہیں تو نئی عدالتیں بنائی جائیں، انھوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کی زیادہ ذمہ داری ججز اور آزاد وکلا پر عائد ہوتی ہے چیئرمین آباد نے اعلان کیا کہ آئندہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی غیر فعال ہاؤسنگ سوسائٹی کو فعال بنانے کیلئے اقدام کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر صدر سندھ بار حسیب جمالی نے کہا کہ وکلا بھی نظام کی نااہلی سے مسائل کا شکار ہیں، ججز کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ بعدازاں آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید نے بتایا کہ زمینوں پر قبضوں اور لٹیگیشن مسائل کے حل سے متعلق 36 صفحات پر مشتمل تجاویز صوبائی وزیر داخلہ کو پیش کی جاچکی ہیں، جبکہ وزیراعظم کو بھی لینڈ ڈسٹری بیوشن کمیٹی قائم کرنیکی تجویز دی ہے ، انھوں نے بتایا کہ ساتھ ہی وفاقی وزیر داخلہ کو زمینوں پرقبضوں کے خاتمے کے حوالے سے سفارشات بھی ارسال کی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں