ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کی غفلت ، فنڈز میں بے ضابطگیاں ، درجنوں گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کی غفلت ، فنڈز میں بے ضابطگیاں ، درجنوں گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

گاڑیوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے منتقلی کے دوران کچرا شہر کی مختلف شاہراہوں پر پھیلنے لگا،صفائی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات جلد عمل میں لائے جائینگے :اے سی سٹی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے محکمے کی درجنوں گاڑیاں تباہی کا شکار بن گئیں۔ گاڑیوں کی ٹوٹ پھوٹ اور تباہی کی وجہ سے کچرے کی منتقلی کے دوران کچرا شہر بھر کی شاہراہوں پر پھیلنے لگا جبکہ گاڑیوں کی مرمت کیلئے ملنے والے بھاری مالیت کے فنڈز سے گاڑیوں کی مرمت کروانے کے بجائے مبینہ طور پر فنڈز میں بے ضابطگیوں کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کی جانب سے شہر بھر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور کولیکشن سنٹرز سے کچرا ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کرنے کیلئے 100 سے زائد مختلف گاڑیوں اور ہزاروں کی تعداد پر مشتمل سٹاف کو مامور کیا گیا ہے لیکن محکمانہ غفلت اور بروقت مرمت کا کام نہ کروانے کی وجہ سے محکمے کی درجنوں گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار بن چکی ہیں۔ گاڑیوں کی بروقت مرمت نہ ہونے کی وجہ سے درجنوں گاڑیوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان کا سامنا ہے بلکہ گاڑیوں کی خستہ حالی اور باڈیز کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے کچرے کی منتقلی کے دوران کچرا شہر کی مختلف شاہراہوں پر پھیلنے لگا۔ اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی گاڑیوں کی مرمت کو جلد یقینی بناتے ہوئے شہر کی صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات جلد عمل میں لائے جائینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں