بڑھتے اخراجات ، یوٹیلیٹی سٹورز پر ادائیگیوں کا دباؤ

بڑھتے اخراجات  ، یوٹیلیٹی سٹورز پر ادائیگیوں کا دباؤ

اشیا کے فقدان سے سیل کم ، آمدن نہ ہونے کے برابر ،صورتحال بہتر بنانے کیلئے کوشاں،بے ضابطگیوں کی انکوائری کروائی جائیگی:شکیل شاہد

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کی جانب سے شہر بھر میں کرائے کی عمارتوں میں بنائے گئے 90 سے زائد سٹورز کے کرائے ، بجلی کے بلز، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی صورت میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ماہانہ 3 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کی ادائیگیوں پر مجبور ہے جبکہ اشیا کے فقدان کی وجہ سے سیل کم ہونے کے باعث ماہانہ آمدن نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ آمدن سے زائد اخراجات ہونے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ماہانہ کروڑوں روپے کے خسارے کے بوجھ تلے دبنے لگی ہے دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے ، چینی، گھی، کوکنگ آئل، دالوں، سفید اور کالے چنے سمیت دیگر بنیادی اشیا خورونوش کے فقدان کی وجہ سے شہریوں نے خریداری کیلئے یوٹیلیٹی سٹور ز کے بجائے اوپن مارکیٹوں کا رُخ کرنا شروع کردیا ہے جس سے یوٹیلیٹی سٹورز کی آمدن دن بدن تیزی سے نیچے آنے لگی ہے اور کارپوریشن کا ریونیو نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے جبکہ کرائے ، بجلی کے بلز اور ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر اخراجات کی ادائیگی لازمی کرنے کی وجہ سے کارپوریشن ماہانہ کروڑوں روپے کے خسارے کا شکار بن رہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اپنے من پسند سٹورز پر بھاری مقدار میں سامان کی سپلائی دی جاتی ہے اور اس سامان کو شہریوں کو فروخت کرنے کے بجائے مبینہ طور پر پرائیویٹ ڈیلرز کو فروخت کرتے ہوئے بھاری منافع کمالیا جاتا ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی لوکل انتظامیہ کی جانب سے پرائیویٹ میگا سٹورز مالکان کو نوازنے کیلئے مبینہ طور پر خود یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی سپلائی تعطل کا شکار بنائی جاتی ہے تاکہ شہری پرائیویٹ میگا سٹورز سے خریداری کریں ، یوٹیلیٹی سٹورز افسروں اور ملازمین کی جانب سے اپنی جیبوں کو مبینہ طور پر بھرنے کیلئے تو سامان لیا جاتا ہے لیکن سٹورز کی بہتری اور شہریوں کو ریلیف اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ۔ اس معاملے پر پارلیمانی سیکرٹری اینڈ ممبر صوبائی اسمبلی شکیل شاہد کہتے ہیں کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے بھی انکوائری کروائی جائے گی اور ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں