24 گھنٹے میں فیس ماسک نہ پہننے پر 359 افراد گرفتار

24 گھنٹے میں فیس ماسک نہ پہننے پر 359 افراد گرفتار

حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے کارروائی جاری رہے گی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)سی پی او سہیل چودھر ی کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 359افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے ۔حکومت پنجاب کی طرف سے ضلع بھر میں لاک ڈاؤن کو نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو کاروبار بند اور فیس ماسک کے بغیر گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکورونا ایس اوپیز اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی تاکید کی گئی جس پر ضلعی پولیس نے ضلع بھر میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانیں کھولنے اور فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف بھرپورکارروائی کرتے ہوئے ایک دن میں لائل پورڈویژن میں 174’مدینہ ڈویژن میں 67،اقبال ڈویژن میں 44’جڑانوالہ ڈویژن میں 49 اور صدر ڈویژن میں 25افراد کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے ۔ضلعی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھاکہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔شہریوں کو چاہیے کہ وہ کورونا ایس اوپیز پرعمل کریں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں