مسعود آباد میں سیوریج سسٹم خراب ،گندے پانی کے تالاب

مسعود آباد میں سیوریج سسٹم خراب ،گندے پانی کے تالاب

پانی سے اٹھنے والے تعفن اور بدبو کی وجہ سے اہل علاقہ بیمار ہو نے لگے

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سمن آباد سے ملحقہ محلہ مسعود آباد میں سیوریج سسٹم کی بدحالی کی وجہ سے پورے علاقے میں گندے پانی کے تالاب لگ گئے ۔ جس سے علاقہ مکین بیماریوں کا شکار بن رہے ہیں۔ فیصل آباد میں سمن آباد سے ملحقہ محلہ مسعود آباد میں گزشتہ کئی مہینوں سے تباہی کا شکار بنے ہوئے سیوریج سسٹم کی وجہ سے پورے علاقے میں گندے پانی کے تالاب لگے ہوئے ہیں۔ گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن اور بدبو کی وجہ سے اہل علاقہ بیماریوں کا شکار بن رہے ہیں۔ اہل علاقہ کہتے ہیں کہ سیوریج سسٹم کی بدحالی کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہے ۔ اہل علاقہ کی جانب سے متعدد بار حکام کو شکایات کا اندراج بھی کروایا گیا لیکن کوئی داد رسی نہ ہوئی۔ اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج سسٹم کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں