سرکاری چھٹیوں کے دوران بھی گندم خریداری جاری :عمر جاوید
ڈپٹی کمشنر ٹوبہ نے چٹیانہ میں گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا،وزن بھی چیک کیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عمر جاوید نے ٹوبہ اور چٹیانہ میں گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا،انہوں نے گندم کی کوالٹی اور اس کا وزن بھی چیک کیا،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راحیل نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری چھٹیوں کے دوران بھی کسانوں سے گندم خریداری کا عمل جاری ہے کسان حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے محکمہ خوراک کو اپنی نئی فصل فروخت کر رہے ہیں اور اب تک ہم کسانوں سے کل ٹارگٹ کی81فیصد گندم خرید چکے ہیں اور مسلسل خریداری جاری ہے ،یاد رہے کہ رواں سال ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں1لاکھ10 ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کاٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔