عید الفطر پر جامع صفائی پلان تشکیل ، عملے کی چھٹیاں منسوخ ، ہیلپ لائن فعال

عید الفطر پر جامع صفائی پلان تشکیل ، عملے کی چھٹیاں منسوخ ، ہیلپ لائن فعال

چاند رات سے ہی زیرو ویسٹ آپریشن شروع کر دیا جائے گا، آپریشن سٹاف کو مشینری کے ساتھ الرٹ رہنے کی ہدایات جاری ،کنٹینرز اور کوڑے دانوں کو بروقت خالی کرنے کے اقدامات

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان کی خصوصی ہدایت پر عید الفطر کے حوالے سے جامع صفائی پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔ چاند رات سے عید کے تیسرے دن تک صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسروں و ماتحت عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ چاند رات سے ہی زیرو ویسٹ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔جنرل منیجر آپریشن کرنل (ر) عماد اقبال گل نے آپریشن سٹاف کو مشینری کے ساتھ الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ہیلپ لائن 1139 عید کے تینوں دن فعال رہے گی،شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کیا جائے گا۔آپریشنز پلان کے تحت صفائی عملہ چاند رات سے ہی شہر کے اہم مقامات،بازاروں،چوراہوں اور بالخصوص عید گاہوں پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا اور عید الفطر کی نماز سے قبل صفائی انتظامات کو حتمی شکل دے گا شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد،عید گاہوں،قبرستانوں اور ان سے ملحقہ راستوں کی صفائی کی جائے گی کنٹینرز اور کوڑے دانوں کو بروقت خالی کرنے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں