بدترین لوڈشیڈنگ جاری ، پانی کی کمی،شہریوں کو مشکلات
شارٹ فال 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا،حکومت کارروائی کرے ،شہری
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، درجنوں ٹرانسفارمرز جلنے سے کئی علاقے رات بھر اندھیرے میں ڈوبے رہے ، پانی کی کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ۔ تفصیل کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں پر بجلی کا شارٹ فال 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے ، ذرائع کے مطابق فیسکو ریجن میں شامل آٹھوں اضلاع بدترین لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں جہاں پر شہری علاقوں میں 6 سے 8 جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، اس کے علاوہ فیصل آباد ، سمندری ، تاندلیانوالہ ، جڑانوالہ اور جھمرہ میں درجنوں ٹرانسفارمرز جلنے سے کئی علاقوں میں 24 گھنٹے سے زائد وقت سے بجلی بند ہے جہاں پر پانی کی بھی شدید کمی ہے اور شہری اور مویشی پانی کے لئے ترس رہے ہیں ، لوڈشیڈنگ کے موجودہ بحران پر شہری حکومت کے خلاف پھٹ پڑے ہیں جن کا کہنا ہے حکومت اس معاملے پر فوری ایکشن لے کر لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے ۔