اگیگا ہم خیال اتحاد میں شامل 20سے زائد تنظیموں کا اجلاس
وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کو مسترد کردیا حکومت سرکاری ملازمین سے دھوکہ کر رہی ہے ، محمدفاروق،کاشف بٹ،اسلم بٹ
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)اگیگا ہم خیال اتحاد میں شامل 20 سے زائد تنظیموں کے رہنمائوں کا اجلاس ہوا ۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے رہنمائوں نے وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کو مسترد کردیا اور کہا کہ مہنگائی کے حساب سے یہ اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ۔ قائدین نے کہا کہ حکومت بار بار سرکاری ملازمین سے دھوکہ کر رہی ہے ۔ تحریری معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ پنجاب حکومت نے ابھی تک ڈیسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کا بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ الاؤنس کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے اور تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف ضم کر کے کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے ورنہ مجبوراً ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنا پڑے گا کیونکہ حکومت مسلسل وعدہ خلافی کر رہی ہے اور تنخواہوں میں تفریق کے خاتمے کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔ محمد فاروق سیکرٹری جنرل پیکٹ فیصل آباد کا کہنا تھا حکومت نے تعلیمی بجٹ میں اضافے کا نعرہ لگایا تھا لیکن عملی طور پر ایسا کچھ نہیں ہوا،محمد کاشف بٹ صوبائی ترجمان کا کہنا تھا مہنگائی سو فیصد اور اضافہ دس فیصد کرنا ملازمین کے ساتھ ظلم ہے ،محمد اسلم بٹ کا کہنا تھا ملازمین کے حقوق ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔