پٹرولنگ پولیس کی ڈیوٹی تین شفٹوں میں کرنے کی درخواست

پٹرولنگ پولیس کی ڈیوٹی تین شفٹوں میں کرنے کی درخواست

شدید گرمی میں بارہ گھنٹے ڈیوٹی دینا ممکن نہیں،وزیراعظم پورٹل پرشکایت

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)شدید گرمی میں شاہراہوں پر پسینے سے شرابور ہونے والے پٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی دو کے بجائے تین شفٹوں میں کرنے کی درخواست کردی، تفصیل کے مطابق پنجاب ہائی ویز اینڈ پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں نے وزیر اعظم پورٹل پر شکایت درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کورونا کی وجہ سے ڈیوٹی بارہ بارہ گھنٹوں کی دوشفٹوں میں کی گئی تھی،کورونا کم اور گرمی شدید ہونے کے باوجود دوشفٹوں میں ڈیوٹی لی جارہی ہے ،شدید گرمی میں بارہ گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دینا ممکن نہیں،ڈیوٹی حسب سابق آٹھ آٹھ گھنٹے کی تین شفٹوں میں کی جائے ،وزیر اعظم سٹیزن پورٹل نے ایڈیشنل آئی جی ہائی وے سے رپورٹ طلب کرلی ،ایڈیشنل آئی جی نے تین شفٹوں میں ڈیوٹی کرنے سے متعلق ریجنل افسروں سے تجاویز مانگ لی ہیں ۔اس حوالے سے ترجمان ریجنل پولیس سب انسپکٹر محمد رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ تمام انچارجز سے تجاویز لے کر اعلیٰ حکام کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد تین شفٹیں ہوسکتی ہیں کیونکہ ماضی میں بھی گرمیوں میں تین شفٹیں ہوتی رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں