یوٹیلیٹی سٹورز میں گھپلے,انکوائری کا آغاز

یوٹیلیٹی سٹورز میں گھپلے,انکوائری کا آغاز

بے ضابطگیوں سے تعلق نہیں:ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز نوراللہ ، معاملے کی تحقیقات کرنے کیلئے ریکارڈ قبضے میں لے لیا :ویجیلنس آفیسر عطاالرحمن

فیصل آباد(عبدالباسط سے )یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے بجائے مبینہ طور پر سرکاری خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہوگئے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسروں نے معاملے کی تحقیقات کیلئے ریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کردیا۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کی جانب سے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے بجائے مبینہ طور پر سرکاری خزانوں کو ذاتی استعمال میں لاتے ہوئے بے ضابطگیاں کرنے کا انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ حال ہی میں ماہ مقدس میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے خصوصی رمضان پیکیج کے ذریعے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے بجائے حکام کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹور زپر اشیا ئے ضروریہ کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیااور آخری ایام میں ریجنل اور زونل انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر سٹورز پر چینی کی عملی طور پر سپلائی دینے کے بجائے 1 کروڑ 33 لاکھ روپے کے بوگس ڈیبٹ نوٹ تیار کئے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کے اپنے ہی ملازمین اور حساس اداروں کی جانب سے اطلاع کرنے پر ادارے کے آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سرپرائز کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد یوٹیلیٹی سٹورز کے زونل آفس کے ویئر ہاوّس پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے چینی کی بھاری کھیپ اور بوگس ڈیبٹ نوٹ برآمد کرلئے گئے جس پر آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے ویجیلنس آفیسر عطا الرحمن سمیت دیگر افسروں کی جانب سے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا لیکن اعلیٰ عہدوں پر فائز افسروں اور عہدیداروں کی جانب سے معاملے کو دبانے کیلئے پریشر ڈالا جارہا ہے ۔ گزشتہ دنوں حساس اداروں کے افسروں کی جانب سے تحقیقات کیلئے زونل آفس کے ویئر ہاوّس کا بھی دورہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز نوراللہ سعید کہتے ہیں کہ بے ضابطگیوں سے انکا کوئی تعلق نہیں آڈٹ رپورٹ کے ذریعے حقائق سامنے آجائینگے جبکہ ویجیلنس آفیسر عطاالرحمن کہتے ہیں کہ معاملے کی تحقیقات کرنے کیلئے تمام تر ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں