بارش کے باعث منڈیوں میں مہنگائی کا زور ٹوٹ گیا ، آخری لمحوں میں مویشیوں کی قیمت میں نمایاں کمی
1 لاکھ والے بیل کی قیمت 75 ہزاراور70 ہزار والے بکروں کی قیمت 50 ہزار تک جاپہنچی، فیصل آباد میں شہری سبز مصالحہ جات اور سبزیاں مہنگے داموں خریدنے پرمجبور
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر )بارش کے باعث منڈیوں میں مہنگائی کا زور ٹوٹ گیا ، آخری لمحوں میں بکروں اور بیلوں کی قیمت میں نمایاں کمی ۔ تفصیلات کے مطابق مویشی منڈیوں میں مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے بکروں اور بیلوں کی خریداری انتہائی کم تھی اور شہری آخری رات کے منتظر تھے جبکہ بیوپاری بھی آخری رات تک قیمتیں کم کرنے پر رضا مند نہیں تھے تاہم گزشتہ روز موسلادھار بارش کی وجہ سے منڈیاں مسائلستان میں تبدیل ہوگئیں جس کی وجہ سے بیوپاریوں کے حوصلے ٹوٹ گئے اور بکروں اور بیلوں کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ، شہریوں کے مطابق آخری رات 1 لاکھ والے بیل کی قیمت 75 ہزار اور 70 ہزار والے بکروں کی قیمت 50 ہزار تک جاپہنچی ،دوسری جانب سبز مصالحہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں فیصل آباد میں عید کے موقع پر پیاز 80 ، ٹماٹر 120 ، دھنیا فی گھٹی 160 ، ادرک 800 روپے ، لہسن 280 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ، لیموں کی قیمت 160 روپے فی کلو ہو گئی ، دوسری جانب مارکیٹ میں لوگ مہنگے داموں سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں ۔