انسداد ڈینگی : کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت

 انسداد ڈینگی : کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت

تمام محکمے اپنے کام کو ذمہ داری سے سر انجام دیں ، ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں:ڈویژنل کمشنر ثاقب منان

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے ہدایت کی ہے کہ موسم برسات میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کریں اس ضمن میں اینٹی ڈینگی ٹیموں کی واضح کارکردگی نظر آنی چاہیے ۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں انسداد ڈینگی مہم پرعملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن عمران رضا عباسی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین،ماہر حشرات ڈاکٹر وسیم اکرم اوردیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکمے اپنے کام کو ذمہ داری سے سر انجام دیں جس میں کوتاہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا اعلیٰ صوبائی حکام انسدادڈینگی کے اقدامات کا براہ راست جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ مون سون کے موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے فیلڈ میں سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں۔اس سلسلے میں قبرستانوں،کباڑ خانوں، پودوں کی نرسریوں ودیگر ہاٹ سپاٹس کو ذمہ داری سے چیک کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع وتحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاسز باقاعدگی سے منعقد کرکے انسدادی اقدامات اور آئندہ حکمت عملی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا دیہی علاقوں میں بھی لاروا کی افزائش کے خطرات کو روکنے کیلئے موثر انسدادی اقدامات اور رپورٹس سے آگاہی لی جارہی ہے ۔ضلعی کوارڈینیٹر نے انسدادی سرگرمیوں جبکہ پی آئی ٹی بی کے نمائندہ نے محکموں کی اینڈرائیڈ موبائل فونز سے اپ لوڈنگ اور ان ڈور وآؤٹ ڈور سرویلنس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں