تین چوکیوں کو تھانے بنانے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا

تین چوکیوں کو تھانے بنانے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا

ایک سال سے سمری پولیس حکام کے دفاتر کی فائلوں میں دب کر رہ گئیشہریوں کا آرپی او، آئی جی سے فی الفور چوکیوں کو تھانے کا درجہ دینے کامطالبہ

فیصل آباد(صغیر سانول سے )متعلقہ تھانے سے کم ازکم 30 کلو میٹر دورہونے کی بنا پر ضلع کی تین چوکیوں کو تھانے کے درجہ دینے کے فیصلے پر ایک سال بعد بھی عملدرآمد نہ ہوسکا،تینوں چوکیوں کو تھانے بنانے کی سمری پولیس حکام کے دفاتر کی فائلوں میں دب کر رہ گئی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ برس ضلع فیصل آباد کی تین بڑی چوکیوں کو تھانوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تینوں چوکیاں اپنے تھانوں سے تیس تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں،ان چوکیوں کے عملے کو وسیع علاقہ کورکرنا پڑتا ہے مگر عملہ کم ہونے اور تھانہ دورہونے کی وجہ سے جرائم کنٹرول کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی جس پر سی پی او فیصل آباد کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھری نے تھانہ صدر جڑانوالہ کی چوکی علی پور بنگلہ،تھانہ لنڈیانوالہ کی چوکی جسوآنہ بنگلہ اور تھانہ صدر کی چوکی رشید آباد کو تھانہ بنانے کی سمری تیارکی تھی جسے ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے سمری سی پی او سے منگواکر آئی جی پنجاب کو عملدرآمد کیلئے بھجوادی تھی لیکن ایک سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود تاحال ان چوکیوں کو تھانے بنانے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے تینوں چوکیوں کے عوام کو متعلقہ تھانوں تک پیشیوں پر جاتے ہوئے شدید خواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے آر پی او رفعت مختار راجہ اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی کہ فی الفور ان چوکیوں کو تھانوں کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ممکن ہوسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں