محرم الحرام کی سکیورٹی,تیاریوں کا آغاز,تربیتی کورس کرنیوالے پولیس اہلکاروں کی خدمات طلب
فاروق آباد ٹریننگ سنٹر میں 655اہلکار اور سرگودھا ٹریننگ سنٹر میں 86اہلکار بنیادی تربیتی کورس کررہے ہیں ،سی پی او نے آر پی او کو سفارشات پر مبنی مراسلہ ارسال کر دیا ،اہلکار 7اگست سے مانگے گئے ہیں
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)عیدالاضحی کے اختتام کے ساتھ ہی محرم الحرام کے حوالے سے تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر نے بنیادی تربیتی کورس کرنیوالے اہلکاروں کی خدمات مانگ لی ہیں۔ عیدالاضحی اختتام پذیر ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے کاوشوں کا آغاز کردیاگیا ہے جسکے تحت نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے سی پی او نے آر پی او کو سفارشات پر مشتمل مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فاروق آباد ٹریننگ سنٹر میں 655 اہلکار اور سرگودھا ٹریننگ سنٹر میں 86 اہلکار بنیادی تربیتی کورس کررہے ہیں لہٰذا ان کو محرم الحرام کے دوران مجالس اور محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے واپس بلوایا جائے تربیت کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کی 7 اگست سے ضرورت ہے جن کو محرم الحرام کے بعد 22 اگست کو واپس تربیتی مراکز پر بھجو ادیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہر سال پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں ۔