محکمہ تعلیم کی داخلہ مہم میں بڑی کامیابی ، فروری سے جولائی تک 40 ہزار مزید بچے سکول داخل
سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان کا داخلہ مہم پر اطمینان کا اظہار ، یکم اگست سے شروع ہونے والے تعلیمی سیشن میں اکتوبر تک طلبا کی تعداد 9لاکھ سے بڑھانے کا ٹارگٹ دے دیا
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)محکمہ تعلیم فیصل آباد کی داخلہ مہم میں بڑی کامیابی۔ فروری سے جولائی تک 40 ہزار مزید بچوں کو سکولوں میں داخل کرلیا۔ سرکاری سکولوں میں داخل طلبا کی تعداد 8 لاکھ 66 ہزار سے زائد ہوگئی۔ سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان نے یکم اگست سے شروع ہونے والے تعلیمی سیشن میں اکتوبر تک طلبا کی تعداد 9 لاکھ سے بڑھانے کا ٹارگٹ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے فروری میں داخلہ مہم شروع کی تھی جس میں سکولز سربراہوں کو سکول چھوڑ کر جانے والے بچوں کو واپس لانے سمیت مزید بچوں کو داخل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔ فروری میں فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں بچوں کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار کے قریب تھی جبکہ فروری سے جولائی تک فیصل آباد نے 40 ہزار سے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرلیا ہے ۔ سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان نے ڈی اوز اور ڈپٹی ڈی اوز ایجوکیشن کے ساتھ میٹنگ کی جس میں ریکارڈ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فروری سے جولائی تک 40 ہزار مزید بچوں کو سکولوں میں داخل کرلیا۔ سرکاری سکولوں میں داخل طلبا کی تعداد 8 لاکھ 66 ہزار سے زائد ہوگئی۔ سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان نے داخلہ مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور یکم اگست سے شروع ہونے والے تعلیمی سیشن میں اکتوبر تک طلبا کی تعداد 9 لاکھ سے بڑھانے کا ٹارگٹ دے دیا۔