آلائشیں ٹھکانے لگا کر سڑکوں کی دھلائی

آلائشیں ٹھکانے لگا کر سڑکوں کی دھلائی

خدمت اولین مشن ،عید کے ایام میں مجموعی طور پرقربانی کے جانوروں کی19 ہزار 299 ٹن آلائشیں ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیں،کاشف رضا

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام عیدالاضحی کے موقع پر قربان شدہ جانوروں کی آلائشوں کو تیزی سے ٹھکانے لگاکرصفائی آپریشن کے بعد شہر سے گندگی،بدبو اور خون کے دھبوں کا یکسر خاتمہ کرنے کیلئے سڑکوں کا دھلائی آپریشن شروع کردیا گیا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی کاشف رضا اعوان نے کریسنٹ گراؤنڈ شیخوپورہ روڈکے باہر سڑک کی دھلائی مہم کا افتتاح کیا۔جنرل منیجرآپریشن کرنل (ر)عماد گل،سینئر منیجر آپریشن اعجاز بندیشہ اورکمپنی کے دیگر افسر بھی موجود تھے ۔سی ای او نے عیدصفائی آپریشن کی کامیابی پر کمپنی کے افسروں وسٹاف کو مبارک باددی اور کہا شہراور شہریوں کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے ۔سی ای او نے بتایا کمپنی نے عید کے تینوں ایام میں مجموعی طور پرقربانی کے جانوروں کی19 ہزار 299 ٹن آلائشیں ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیں،عید کے پہلے روز 7489،دوسرے روز 6043 اور تیسرے روز 5768 الائشیں تلف کی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ صفائی آپریشن میں 493 گاڑیوں اور 4 ہزار کے قریب ویسٹ ورکرز نے حصہ لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں