یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں ناکام
سبسڈی والا آٹا اور چینی نایاب ،شہری مارکیٹوں سے خریداری پر مجبور
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام شہریوں کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی میں ناکامی کا شکار بن گئے ۔ شہر بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی قیمت والا آٹا اور چینی نایاب ہو گئی۔ یوٹیلیٹی سٹور سے آٹا اور چینی میسر نہ آنے کی وجہ سے شہری مہنگے داموں اوپن مارکیٹ سے خریداری پر مجبور ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر شہریوں کو اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکام بالا کی جانب سے مختلف اوقات میں اربوں روپے مالیت کی سبسڈی تو فراہم کی گئی لیکن فیصل آباد کے شہری ریلیف سے محروم رہے جبکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے سپلائی کئے جانیوالے آٹے اور چینی کی یوٹیلیٹی سٹورز پر سپلائی کے بجائے اوپن مارکیٹوں میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہوئے محکمہ کے افسروں اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر پرائیویٹ دکانداروں سے بھاری نذرانے وصول کئے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے شہر کے 90 سے زائد مقامات پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کی جانب سے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے گئے ہیں لیکن ان یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا اور چینی گزشتہ کئی مہینوں سے نایاب ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورپر آٹا اور چینی میسر نہ آنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کی جانب سے حکام بالا سے مطالبہ کیا گیاہے کہ سٹورز پر اشیا کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے ۔