واسا ہیڈ آفس میں رات گئے اجلاس ،نکاسی آب بارے فیصلے
لاہور اورواسا ملتان سے پانی کے نکاس کے لئے سکنگ مشینیں لی جائیں گی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے واسا ہیڈ آفس میں رات گئے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ایم این اے شیخ خرم شہزاد اور دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندگان،ایم ڈی واسا،واسا لاہور کی ٹیم اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسر بھی موجودتھے ۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ واسا فیصل آباد واسا لاہور اورواسا ملتان سے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاس کے لئے سکنگ مشینیں لے گا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی کی مشاورت سے سڑکوں،گلیوں،سیورز اور ڈرینز کو کلیئر کرنے کیلئے پلان کو حتمی شکل بھی دی گئی ، تمام مقامات سے بارشی پانی کے نکاس تک ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی۔علاوہ ازیں واسا میں اضافی 200 سیور مینز بھرتی کرنے اورپمپنگ سٹیشنز کے لئے جنریٹرز کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے ارکان اسمبلی اور انتظامیہ متحرک ہیں۔قبل ازیں ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے فنانس وایم این اے فیض اللہ کموکا کے ہمراہ شہر کے نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب کے کاموں کا معائنہ اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کرکے یقین دہانی کرائی کہ بارشی پانی کو جلد کلیئر کرایا جائے گا ۔