مستنصر حسین تارڑ ،عثمان پیرزادہ کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

 مستنصر حسین تارڑ ،عثمان پیرزادہ کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

اولڈ کیمپس کومیوزیم کے طو رپر متعارف کروایا جائیگا،وی سی ڈاکٹراقراراحمد، آج کے نوجوان صلاحیتوں کے اظہار میں اپنے بزرگوں سے کم نہیں ،تارڑ،دستاویزی فلمز کوسوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جانا چاہئے ،پیرزادہ

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اولڈ کیمپس کومیوزیم کے طو رپر متعارف کروایا جائیگا تاکہ برصغیر پاک و ہند کی زراعت میں وقوع پذیر ہونیوالی مرحلہ وار ترقی کو آنیوالی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے کیساتھ ساتھ خطے کی شاندار اور برشکوہ ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے ۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے نامور سفرنامہ نگار مستنصر حسین تارڑ اور سینئر فنکار عثمان پیرزادہ کی قیادت میں یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے وفد سے ملاقات میں کہیں۔ مستنصر حسین تارڑ نے کہا آج کے نوجوان صلاحیتوں کے اظہار میں کسی طو رپر بھی اپنے بزرگوں سے کم نہیں لیکن معمولی سی حوصلہ افزائی ان کی صلاحیتوں کو ایسی جلا بخش سکتی ہے جس سے وہ کامیابیوں کی نئی منازل طے کر سکیں۔ عثمان پیرزادہ نے کہا یونیورسٹی کی کامیابیوں کو بہترطو رپر عوام تک پہنچانے کیلئے دستاویزی فلمز کوسوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جانا چاہئے ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل نیف سیٹ پروفیسر ڈاکٹر طاہر ظہور، ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ،پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف، ناظم اُمور طلبہ پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی،چیئرمین ایگرانومی ڈاکٹر شہزاد بسر ا،سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید، ڈاکٹر عائشہ ریاض،ڈاکٹر عاصم عقیل اور ڈاکٹر انور الحق بھی شریک تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں